Loading
سندھ حکومت نے شہریوں کی سہولت کیلیے سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر عائد فیس معاف کرنے کا اعلان کردیا جبکہ صوبائی کابینہ نے بھی ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر عائد فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے اموات کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فیس معاف کردی۔ ترجمان کے مطابق سندھ کابینہ نے صوبے بھر میں عام عوام کے لیے میونسپل، یونین کونسل اور ٹاؤن کمیٹی کی سطح پر اموات کے سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن فیس ختم کرنے کی منظوری دی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ستمبر 2024 میں پیدائش کی مفت رجسٹریشن کی کابینہ منظوری کے تسلسل میں کیا گیا ہے۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی شراکت داروں سے سول رجسٹریشن اور اہم شماریات (CRVS) کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظام کے تحت حکومتِ سندھ نادرا کی سروس چارجز کی لاگت برداشت کرے گی جبکہ شہری اموات کے سرٹیفکیٹ بغیر کسی فیس کے حاصل کر سکیں گے۔ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ قانون اور محکمہ خزانہ کی حمایت سے کیا گیا اور چیف سیکریٹری کی توثیق کے بعد فیصلہ کابینہ میں پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت اہم واقعات کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کو فروغ دینا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ فیصلہ صوبے کے CRVS نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل