Tuesday, October 14, 2025
 

مڈغاسکر؛ صدر کے ملک سے فرار کے بعد فوج اقتدار پر قابض

 



مڈغاسکر میں زی جنریشن کے احتجاج کے نتیجے میں صدر راجولینا ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے جس کے بعد فوج نے اقتدار سنبھال لیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مڈغاسکر کی فوج نے صدر اینڈری راجولینا کی معزولی کے چند ہی منٹ بعد اقتدار سنبھالنے کا اعلان کر دیا۔ جس کے بعد ملک خانہ جنگی جیسے حالات کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا ہے اور سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا۔ اقتدار سنبھالنے کا اعلان کرتے ہوئے کرنل مائیکل رینڈریانی رینا نے سرکاری عمارت کے باہر کہا کہ ہم نے اقتدار سنبھال لیا ہے۔ سوائے قومی اسمبلی کے ملک کے تمام ادارے تحلیل کیے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ وہی قومی اسمبلی ہے جس نے صدر راجولینا کو چند منٹ پہلے ہی باضابطہ مواخذے (Impeachment) کے ذریعے برطرف کیا تھا۔ مڈغاسکر میں 25 ستمبر سے شدید احتجاج اور پرتشدد جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس میں نوجوان مظاہرین پانی اور بجلی کے بدترین بحران پر حکومت کے خلاف میدان میں تھے۔ مظاہرین کے ساتھ باغی فوجی اور پولیس اہلکار بھی شامل ہو گئے۔ جس پر ملکی صدر نے فوج کو گولی چلانے کا حکم دیا تھا لیکن فوجی سربراہ نے انکار کر دیا۔ صدر راجولینا نے آخری کوشش کے طور پر اسمبلی تحلیل کرنے کی بھی کوشش کی تھی مگر پھر خود ہی فرانس کے فوجی طیارے میں بیٹھ کر ملک چھوڑ کر بھاگ گئے۔ انہوں نے فرار سے قبل بیان میں کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے، میں محفوظ مقام پر ہوں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل