Thursday, October 30, 2025
 

افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی نہیں ہونے دیں گے، فیلڈ مارشل

 



فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی نہیں ہونے دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں قبائلی عمائدین کے جرگے کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو ہیڈ کوارٹرز 11 کور میں سیکیورٹی صورت حال، آپریشنل تیاریوں، پاک-افغان سرحد پر امن و استحکام اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل نے پاک-افغان کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی جانب سے سیکیورٹی فورسزکی غیر مشروط حمایت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قبائلی عمائدین نے دہشت گردی اور افغان طالبان کے خلاف مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جرگے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی نہیں ہونے دیں گے۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل