Thursday, October 30, 2025
 

گورنر سندھ کا کراچی میں میٹا کا دفتر کھولنے کا مطالبہ

 



گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی میٹا کا دفتر کھولنے کا مطالبہ کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ’’میٹا‘‘ کے وفد نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس آمد پر کامران خان ٹیسوری نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 24 کروڑ آبادی کا ملک ہے لیکن یہاں میٹا کا کوئی دفتر موجود نہیں جبکہ کراچی جیسے تین کروڑ آبادی والے شہر میں میٹا کا پہلا دفتر قائم ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں نوجوانوں کی تربیت، آئی ٹی شعبے کی ترقی اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹا کے ڈائریکٹر نے گورنر انیشیٹیوز کے تحت جاری جدید آئی ٹی کورسز کی مفت فراہمی کو قابلِ تقلید اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔ وفد نے گورنر ہاؤس میں قائم آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کے دوران ان کے جذبے اور سیکھنے کے شوق کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں اس وقت 50 ہزار سے زائد نوجوان جدید آئی ٹی کورسز مفت حاصل کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے میٹا کو مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت طلبہ و اساتذہ کی تربیت کا باقاعدہ نظام قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کا فروغ ناگزیر ہے اور گورنر انیشیٹیوز کے ذریعے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہمارا ہدف آئی ٹی ایکسپورٹس کو 40 ملین ڈالر سے بڑھا کر 40 بلین ڈالر تک پہنچانا ہے، تاکہ پاکستان عالمی منڈی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ میٹا نوجوانوں کے روشن مستقبل میں اہم کردار ادا کرے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران تمام سفیروں، سفارت کاروں اور تاجروں کو گورنر ہاؤس میں طلبہ سے ملاقات کے لیے مدعو کیا گیا تاکہ نوجوانوں کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ ہو۔ “وہ دن دور نہیں جب ہمارا نوجوان ہزاروں ڈالرز کما رہا ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل