Wednesday, January 07, 2026
 

وزیر تعلیم سندھ کی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر نجی اسکولوں کی 9 جنوری کی ہڑتال منسوخ

 



وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، خصوصاً فری شپ ڈیٹا کی تصدیق کے طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر تعلیم کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر گرینڈ الائنس نے 9 جنوری کو اعلان کردہ ہڑتال کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ ملاقات میں چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ذوالفقار علی شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز محمد افضال، ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ ملاح سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔گرینڈ آلائنس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے وفد میں انور علی بھٹی، سید طارق شاہ، سید شہزاد اختر، دانش الزمان، ناصر زیدی، حیدرعلی اور دیگر نے شرکت کی۔ وفد نے سندھ میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کی فری شپ ڈیٹا ویریفکیشن کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن کے ذریعے تصدیق کے عمل سے متعلق متعدد خدشات موجود ہیں۔ وفد کا کہنا تھا کہ تفشیش اور ڈیٹا ویریفکیشن کے طریقہ کار میں واضح فرق ہوتا ہے، جبکہ ڈیٹا ویریفکیشن کے نام پر بعض مقامات پر اسکول انتظامیہ اور والدین کے ساتھ ناروا سلوک کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے وفد کے خدشات قابلِ قدر ہیں اور ڈیٹا ویریفکیشن کے واضح اور مربوط مکینزم کے تعین نہ ہونے کے باعث نجی اسکول انتظامیہ کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے کہا کہ کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فری شپ کے ڈیٹا کی تصدیق کے لیے مؤثر لائحہ عمل کے ذریعے فریقین کے خدشات دور کیے جائیں گے۔ ملاقات میں اینٹی کرپشن کے ذریعے تصدیق کے ایک مربوط اور شفاف طریقہ کار پر اتفاق کیا گیا، جس میں ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے تعاون سے اسکول انتظامیہ اور والدین کے تمام خدشات کا مکمل خیال رکھا جائے گا تاکہ کسی کو پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ وزیر تعلیم سندھ نے سندھ میں تعلیم کے فروغ میں پرائیویٹ اسکولز کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ لاکھوں بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری نجی تعلیمی ادارے بھی نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی کیونکہ بچوں کی تعلیم کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی مدد سے اسکولز کی ڈیٹا ویریفکیشن سے متعلق تمام معاملات حل کیے جائیں گے۔ بعد ازاں گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے رہنماؤں نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی یقین دہانی اور چیئرمین اینٹی کرپشن ذوالفقار علی شاہ سے اتفاق کرتے ہوئے احتجاج فوری طور پر ختم کرنے اور جمعہ 9 جنوری کی اعلان کردہ ہڑتال کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل