Loading
ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر جدید آلات کی تنصیب کا فیصلہ کر لیا گیا جس کے تحت تمام ائیرپورٹس پر نئی اور جدید اسکیننگ مشینز لگائی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور ائیرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر جدید اسکیننگ مشینز کی تنصیب کے لیے سروے مکمل کر لیا ہے۔ نئی مشینز کی تنصیب سے مسافروں کے سامان کی بروقت اسکیننگ ممکن ہو سکے گی اور سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
سول ایوی ایشن، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اور اے ایس ایف نے منصوبے پر مشترکہ طور پر کام تیز کر دیا ہے، جبکہ سی اے اے کے ماتحت ادارے نئی اسکیننگ مشینز کی تنصیب کا ہدف مکمل کریں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے مسافروں کو سہولت ملے گی اور سامان کی جانچ پڑتال میں وقت کی بچت ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید اسکیننگ مشینز کا یہ منصوبہ اربوں روپے مالیت کا ہے، جس کے تحت کراچی، اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے ہوائی اڈوں پر جدید ترین مشینز نصب کی جائیں گی۔ نئی مشینز کی بدولت ائیرپورٹس سے ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی اور سکیورٹی اقدامات مزید مضبوط ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ائیرپورٹس پر نصب کی جانے والی اسکیننگ مشینز عالمی سول ایوی ایشن کے معیار کے مطابق ہوں گی، جس سے بین الاقوامی سکیورٹی تقاضوں کو بھی پورا کیا جا سکے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل