Friday, January 09, 2026
 

لندن کا آئندہ میئر کون؟ مسلم خاتون امیدوار بھی میدان میں

 



برطانوی دارالحکومت لندن میں میئر کے الیکشن ویسے تو 2028 میں ہونا ہیں لیکن سیاسی سرگرمیاں وقت سے پہلے ہی شروع ہو گئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میئر لندن کے الیکشن کی یہ گہماگہمی اُس وقت شروع ہوئی جب برطانوی سیاسی پارٹی ’’ریفارم یوکے‘‘ نے ابھی سے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کردیا۔ ریفارم یوکے کے رہنما نائجل فراج نے اعلان کیا کہ لندن کے آئندہ میئر الیکشن کے لیے ان کی جماعت سے امیدوار لیلیٰ کیننگھم ہوں گی۔ لیلی کیننگھم کی نامزدگی کے پیشگی اعلان کا مقصد حال ہی میں ہونے والے مقامی انتخابات اور پارٹی الیکشن میں انھیں متحرک کرنا ہے۔ یاد رہے کہ یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا جب میئر لندن صادق خان نے تاحال چوتھی مدت کے لیے الیکشن لڑنے کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا۔ نامزد مسلم خاتون امیدوار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر وہ میئر منتخب ہوئیں تو جرائم کے خلاف سخت کارروائی اوّلین ترجیح ہوگی۔ انھوں نے لندن میں بڑھتے ہوئے چاقو بردار جرائم، منشیات، ڈکیتی اور جنسی جرائم جیسے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ لیلیٰ کیننگھم اس سے قبل 2022 میں ویسٹ منسٹر سے کونسلر منتخب ہوچکی ہیں۔ لیلیٰ کیننگھم جن کا سابقہ نام لیلیٰ ڈوپی تھا اگست 1977 میں پیدا ہوئیں، ایک برطانوی سیاست دان اور کراؤن پراسیکیوشن سروس کی سابق پراسیکیوٹر ہیں۔ وہ 2022 میں کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے ویسٹ منسٹر سٹی کونسل کے لیے منتخب ہوئیں۔ بعد ازاں 2025 میں انہوں نے کنزرویٹو پارٹی چھوڑ کر ’’ریفارم یوکے‘‘ میں شمولیت اختیار کرلی جس کے بعد وہ لندن کے کسی بھی بورو کونسل میں ریفارم یوکے کی پہلی منتخب نمائندہ بن گئیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل