Sunday, January 11, 2026
 

انسٹاگرام صارفین کا ڈیٹا لیک، 17.5 ملین اکاؤنٹس متاثر ہونے کا خدشہ

 



دنیا بھر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے صارفین کی ذاتی معلومات لیک ہونے اور 17.5 ملین صارفین کے  متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے بعد ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ سائبر سیکیورٹی کمپنی میلویئربائٹس کی رپورٹ کے مطابق لیک ہونے والے ڈیٹا میں یوزرنیم، ای میل ایڈریسز، فون نمبرز، رہائشی پتے اور دیگر حساس معلومات شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسٹاگرام صارفین کی ذاتی معلومات لیکن ہونے کا سراغ معمول کے مطابق ڈارک ویب مانیٹرنگ کے دوران لگایا گیا اور صارفین کو خاص طور پر انسٹاگرام کے پاس ورڈ ری سیٹ کے عمل کے ذریعے ممکنہ غلط استعمال کے حوالے سے خبردار کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کئی انسٹاگرام صارفین نے غیر متوقع طور پر پاس ورڈ ری سیٹ ہونے اور ای میلز موصول ہونے کی شکایت کی تھی، جس سے ممکنہ ڈیٹا لیک کے خدشات پیدا ہوئے۔ سائبرسیکیورٹی کمپنی نے اس سرگرمی کو دنیا بھر میں 17.5 ملین اکاؤنٹس کا ڈیٹا لیک ہونا قرار دیا اور کہا کہ سائبر حملہ آوروں نے 17.5 ملین انسٹاگرام اکاؤنٹس کی حساس معلومات چوری کی ہیں، جن میں یوزرنیم، رہائشی پتے، فون نمبرز، ای میل ایڈریسز اور دیگر معلومات شامل ہیں۔ مزید بتایا کہ یہ ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کے لیے دستیاب ہے اور سائبر حملہ آوروں کی جانب سے غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب میٹا نے کسی بھی انسٹاگرام ڈیٹا لیک کی تردید کی اور یقین دہانی کرائی کہ صارفین کے اکاؤنٹس محفوظ ہیں۔ میٹا نے انسٹاگرام کے بڑے ڈیٹا لیک کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے ایک پوسٹ میں بتایا کہ مسئلہ ایک بیرونی فریق کی جانب سے پاس ورڈ ری سیٹ کی درخواستیں بھیجنے سے متعلق تھا جو انسٹاگرام کے سسٹمز تک غیرمجاز رسائی کا معاملہ نہیں ہے۔ میٹا نے تصدیق کی کہ کسی بھی اکاؤنٹ کو نقصان نہیں پہنچا۔   خیال رہے کہ اس سے قبل 2021 میں فیس بک نے صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق کی تھی، جس کے نتیجے میں 530 ملین سے زائد صارفین متاثر ہوئے تھے، اس کےعلاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمزبھی بڑے پیمانے پر ڈیٹا لیک کا شکار ہو چکے ہیں۔ اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ کیسے محفوظ رکھیں میٹا کا مؤقف ہے کہ کوئی اکاؤنٹ متاثر نہیں ہوا لیکن صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی سیٹنگز کا ازسر نوجائزہ لینا چاہیے، جس کے لیے انسٹاگرام کی جانب سے تجویز کیے گئے اہم اقدامات درج ذیل ہیں: دو مرحلہ جاتی توثیق (2FA) یہ ایک اضافی حفاظتی قدم ہے جس میں دوسری ڈیوائسز میں لاگ اِن ہونے پر کوڈ درکار ہوتا ہے۔ کریئیٹر اکاؤنٹس میں 2FA پہلے سے فعال ہوتی ہے؛ چیک کریں کہ یہ غیر فعال تو نہیں کی گئی۔ مضبوط پاس ورڈز ذاتی معلومات یا عام پاس ورڈز استعمال کرنے سے گریز کریں۔ حروف، اعداد اور علامات کا منفرد مجموعہ ہونا چاہیے۔ تھرڈ پارٹی پاس ورڈ مینیجر جیسے LastPass یا 1Password استعمال کرنے سے گریز کریں۔ پاس ورڈ باقاعدگی سے تبدیل کریں اور اگر اکاؤنٹ متاثر ہونے کا شک ہو تو فوراً تبدیل کریں۔ اگر آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہو جائے اگر آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہوجائے تو اس سے بحال کرنے کے لیے Instagram Hacked پر جائیں۔ اپنے ای میل اکاؤنٹس کو بھی محفوظ بنائیں کیونکہ ای میل کے ذریعے انسٹاگرام تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ دیگر حفاظتی نکات صرف قابلِ اعتماد تھرڈ پارٹی ایپس کو اجازت دیں۔ مشترکہ ڈیوائسز پر لاگ آؤٹ کریں اور عوامی کمپیوٹرز پر لاگ اِن معلومات محفوظ کرنے سے گریز کریں۔ انسٹاگرام کے مطابق مذکورہ اقدامات پر عمل سے اکاؤنٹ متاثر ہونے کے خطرات نمایاں حد تک کم ہو سکتے ہیں اورصارفین کو اپنے انسٹاگرام کی سیکیورٹی پر بہتر کنٹرول حاصل ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل