Monday, January 26, 2026
 

لاہور؛ نجی ہوٹل میں آتشزدگی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ تیار، آگ لگنے کی وجہ سامنے آگئی

 



گلبرگ میں واقع نجی ہوٹل میں آتشزدگی سے متعلق ایل ڈی اے اور مختلف اداروں کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی جس میں مبینہ طور پر ہوٹل انتظامیہ نے قوانین کی خلاف ورزی کی۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہوٹل کے بی ون فلور پر بوائلر رکھا گیا تھا اور بوائلر کو ایل پی جی سلنڈر کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔ بوائلر سے مبینہ طور پر گیس لیک ہوئی اور ہوٹل میں آگ لگنے کی بنیادی وجہ بوائلر سے گیس لیکج ہی تھی۔ ہوٹل میں ایئر کنڈیشنگ اور ہیٹنگ سسٹم کے لیے ’’ایچ وی اے سی سسٹم‘‘ استعمال کیا جا رہا تھا۔ ہوٹل کے فلور بی ون میں ایچ وی اے سی سسٹم لگا ہوا تھا تاہم ایچ وی اے سی سسٹم کو سوئی گیس کے ذریعے آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور ایل پی جی گیس سلنڈر کا استعمال کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے ایچ وی اے سسٹم کے سینسر خراب ہوئے اور گیس لیک ہوئی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ہوٹل کا فائر الارم سسٹم خودکار طریقے سے کام نہیں کر رہا تھا، مینول فائر الارم چلانے کی وجہ سے ہوٹل میں مقیم شہریوں کو اطلاع میں تاخیر ہوئی۔ واضح رہے کہ ڈھائی ماہ پہلے سول ڈیفنس کی طرف سے نوٹس جاری کیا گیا تھا جسے انتظامیہ نے نذر انداز کیا۔ حکام کے مطابق واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل