Sunday, February 01, 2026
 

امریکا کی بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت، نیٹلی بیکر کا اظہارِ یکجہتی

 



امریکا نے بلوچستان میں 31 جنوری کو سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے خلاف ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں اور حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے، جو امریکا کی جانب سے نامزد کردہ ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم ہے۔ نیٹلی بیکر نے دہشت گردی کے متاثرین، ان کے اہل خانہ اور اس واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ تشدد اور خوف سے آزاد زندگی گزاریں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں میں ایک ثابت قدم شراکت دار ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12 مقامات پر حملے ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں میں 92 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے 15 جوان اور 18 شہری جاں بحق ہوئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل