Tuesday, February 03, 2026
 

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے

 



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے جہاں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور سینیٹر مشال یوسفزئی نے ایک دوسرے کے کردار پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان اور سینیٹر مشال یوسفزئی کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے اورعلیمہ خان نے مشعال یوسفزئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی خیر خواہ ہیں۔ مشعال یوسفزئی نے رد عمل دیتے ہوئے علیمہ خان کے بیان کو آے آئی جنریٹڈ کہہ دیا اور کہا کہ ‏علیمہ خان صاحبہ خان صاحب کی بہن ہونے کی وجہ سے میرے لیے قابل احترام ہیں، ابھی ان کی سوشل میڈیا پر چلنے والی اپنے حوالے سے ایک ویڈیو دیکھی جو یقیناً اے آئی جنریٹڈ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے ان کو بہت سختی سے اس قسم کے بیانات اور میڈیا پر آنے  سے روکا ہوا ہے اور اس کا اعلان خان صاحب نے خود صحافیوں اور میڈیا کے سامنے کیا کہ اب صرف ان کی بہن نورین نیازی صاحبہ میڈیا کے سامنے بیان دے گی۔ مشال یوسفزئی نے کہا کہ اس سے پہلے بھی جب ان کے اس قسم کے بیانات منظرعام پر آئے تھے اور خان صاحب کو پتا چلا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اے آئی ویڈیوز تھیں اور انہوں نے یہ بھی کہا باہر اس طرح کے بیانات میڈیا کو نہیں دیے۔ پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ حتیٰ کہ 4 اکتوبر کی گرفتاری کے بعد ان کے فون کے کچھ اسکرین شاٹس لیک ہوئے جس میں میرا ذکر تھا، اڈیالہ جیل میں میری انٹری بند کروانے کے لیے کسی کو کہا گیا تھا تو وہ بھی خان صاحب کے پوچھنے پر انہوں نے بتایا فیک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا بیان بھی اسی پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے میں سمجھتی ہوں کہ فیک یا اے آئی ہی ہوگا، اس لیے میں اس پر بیان دینا وقت کا ضیاع سمجھتی ہوں۔ مشال یوسفزئی نے کہا کہ ‏فوکس صرف عمران خان صاحب کی صحت اور شوکت خانم کے ڈاکٹروں کی ان تک رسائی پر رکھیں اور بانی چئیرمین تک ملاقات کی رسائی ہوگئی تو ان کے سامنے تمام معاملات رکھوں گی۔ واضح رہے کہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ مشال یوسف زئی جن کی ہدایات پر ٹی وی پر بیٹھ کر جھوٹ بولتی ہیں وہ ان کی ذمہ داری پوری کررہی ہیں مجھے نہیں لگتا مشال یوسف زئی عمران خان کی خیرخواہ ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مشال اور شیرافضل کو علیمہ خان کو ٹارگٹ کرنے کا ٹاسک ملا ہوا ہے، بانی نے جیل میں کہا تھا جاکے انہیں بتاؤ ایجنسیاں استعمال کرنے کے بعد کرش کردیں گی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل