Tuesday, February 24, 2026
 

اسحاق ڈار کل جدہ روانہ ہونگے، او آئی سی کے ہنگامی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے

 



نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل سعودی عرب روانہ ہوں گے، جدہ میں وہ اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی وزرائے خارجہ سطح اجلاس میں شرکت کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس 26 فروری کو او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا، مشرق وسطیٰ، فلسطین کی صورتحال میں اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں خصوصی طور پر مقبوضہ مغربی کنارے میں زمینوں کو غیرقانونی طور پر اسرائیلی جائیدادیں قرار دینے کے فیصلوں اور اقدامات کی بھرپور مذمت کی جائے گی، مسلم ممالک مشترکہ طور پر اسرائیل کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے قانونی، سیاسی اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے فیصلوں اور اقدامات کی مذمت کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اجلاس میں پاکستان کی جانب سے اسرائیلی غیر قانونی فیصلوں، اقدامات اور پالیسیوں کی سخت مذمت کریں گے، اجلاس میں مسلم ممالک اسرائیلی غیرقانونی اقدامات اور پالیسیوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دورہ سعودی عرب میں نائب وزیراعظم کی سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات متوقع ہے، اسحاق ڈار کی اجلاس میں شریک دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل