Saturday, February 28, 2026
 

اسرائیل کا سپریم لیڈر خامنہ ای سمیت متعدد اہم رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ تہران نے مسترد کر دیا

 



اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے تازہ ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت متعدد اہم رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے، مگر ایران کی جانب سے اس دعویٰ کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کے اعلیٰ عسکری اور جوہری مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے، پاسدارانِ انقلاب کے کئی اہم کمانڈرز مارے گئے، جبکہ خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں دہشت گرد حکومت کے مزید ہزاروں اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق خامنہ ای کے رہائشی کمپاؤنڈ پر درجنوں بم گرائے گئے اور ایران بھر میں 500 سے زائد اہداف کو تقریباً 200 اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا۔ دوسری جانب تہران نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ایک محفوظ مقام پر موجود ہیں۔ ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدارتی محل کے قریب متعدد میزائل گرنے کے باوجود صدر مسعود پزشکیان اور سپریم لیڈر دونوں محفوظ رہے۔ خبر ایجنسی کی رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی وزیر دفاع امیر ناصرزادہ اور پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور حملوں میں ہلاک ہو گئے، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بحری اور فضائی کارروائیاں کی گئیں، جن میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق سینکڑوں شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل