Saturday, February 28, 2026
 

امریکا کا افغان طالبان کی جارحیت کیخلاف پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کا اعلان

 



امریکی محکمہ خارجہ میں سیاسی امور کی سیکریٹری ایلیسن ہوکر کا کہنا ہے کہ امریکہ طالبان کے حملوں کے خلاف پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کرتا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں ایلیسن ہوکر کا کہنا تھا کہ ان کی جمعے کی شب پاکستانی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے گفتگو ہوئی ہے جس میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم صورتحال کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں اور طالبان کے حملوں کے خلاف پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کرتے ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک افغان جنگ پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھا کر رہا ہے اور میں اس میں مداخلت نہیں کروں گا، پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری جنگ میں مداخلت کریں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں مداخلت کر سکتا ہوں، تاہم پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پاکستان نہایت شاندار انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور افغانستان کے ساتھ معاملات کو بہتر طریقے سے سنبھال رہا ہے، اس لیے وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے۔ امریکی صدر نے پاکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک عظیم وزیرِاعظم اور جنرل ہیں اور یہ دونوں وہ شخصیات ہیں جن کی میں بے حد عزت کرتا ہوں۔ پاکستان میں مضبوط قیادت موجود ہے جو معاملات کو احسن انداز میں چلا رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل