Tuesday, March 03, 2026
 

ترکیہ پاک-افغان جنگ بندی کی بحالی کیلئے کردار ادا کرے گا، اردوان

 



ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کی بحالی کے لیے کردار ادا کریں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ترک صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور دونوں رہنماؤں نے ترکیہ اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کی بحالی میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا، جو ترکیہ کی کوششوں سے ہی طے پائی تھی۔ ترک صدر نے ایران پر حملوں سے شروع ہونے والے تنازعات کے حوالے سے خطے میں ایک بار پھر سفارت کاری اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ عمل انتہائی مفید ثابت ہوگا اور ترکیہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم نے صدر اردوان کو افغانستان کے تناظر میں حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے اس حوالے سے قریبی اور مسلسل رابطے میں رہنے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا، ایران پر اسرائیلی حملے اور اس کے بعد برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوس ناک حملوں کی شدید مذمت کی۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تمام فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل