Thursday, March 05, 2026
 

توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران اور بشریٰ کی اپیلوں پر آفس اعتراضات، عدالت کی اہم ہدایت جاری

 



اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر آفس اعتراضات کے ساتھ سماعت کی اور بروقت اپیلیں دائر نا ہونے کے آفس اعتراض کو ختم کرنے کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے بانی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر، بانی اور بشری کی جانب سے عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ وکیل سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ معذرت چاہتا ہوں دوبارہ آپ کے پاس آنا پڑا، کچھ اعتراضات آفس نے لگائے تھے میں نے اپیل وقت پر دائر کی، 20 دسمبر کو سزا کا فیصلہ ہوا 29 دسمبر کو اپیلیں دائر کی اور اپیلیں دائر کرتے وقت مصدقہ نقل فیصلے کی اپیلوں کے ساتھ لگائی تھیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ آفس نے اعتراضات کے حوالے سے ہمیں کچھ نہیں بتایا تھا، جب ہم نے سزا معطلی کی درخواست دائر کی تو 14 فروری ہمیں بتایا گیا آپ کی اپیلوں پر اعتراض ہے۔ طے شدہ اصول ہے اپیل ایک دفعہ دائر ہو جائے تو اس کو وقت پر ہی دائری کہیں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے جس کے مطابق غلطی ہمارے طرف سے نہیں ہے۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ 21 اور 22 سال وکالت کے بعد یہ ہے کہ وکیل جب اپنی فائل چھوڑ دیتا ہے تو یہی ہوتا ہے۔ عدالت نے آفس اعتراضات اونچی آواز میں پڑھنے کی ہدایت کی۔ سلمان صفدر نے کہا کہ آفس نے اعتراض لگایا کہ وقت کے اندر اعتراضات ختم نہیں کیے، آفس نے جب اعتراضات لگائے ہمیں اس کے حوالے سے نہیں بتایا۔ عدالت نے سلمان صفدر کو متفرق درخواست پڑھنے کی بھی ہدایت کی۔ سلمان صفدر نے کہا کہ میں سزا معطلی کی درخواست لیکر آپ کے پاس آیا ہوں۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ جو آفس اعتراض ہے وہ آپ کی متفرق درخواست نہیں ہے۔ ہائیکورٹ نے بروقت اپیلیں دائر نا ہونے کے آفس اعتراض کو ختم کرنے کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے سلمان صفدر کو ہدایت کی کہ آپ آفس اعتراض ختم کرنے کی درخواست دائر کریں۔ بانی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اعتراض ختم نا ہو سکا، عدالت نے اعتراض ختم کرنے کے لیے نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ سلمان صفدر کی گفتگو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ القادر کیس اور توشہ خانہ ٹو میں بانی پی ٹی آئی کی اہم اپیلیں ہیں، القادر کیس میں بانی اور ان کی اہلیہ کی ضمانت کی امید ہے۔ القادر کیس کی سماعت بدھ کے روز مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ چھ ماہ بعد سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر ہوئی، توشہ خانہ ٹو اپیل کو تاحال آفس نمبر الاٹ نہ ہو سکا۔ کیس نمبر الاٹ ہونے کے بعد ہی سماعت آگے بڑھ سکے گی اور امکان ہے کہ اگلے ہفتے بانی پی ٹی آئی کی اپیل کو نمبر الاٹ ہو جائے گا۔ سلمان صفدر نے کہا کہ اپیل نمبر ملنے کے بعد سزا معطلی پر باقاعدہ سماعت ہوگی۔ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات میں آفس کی جانب سے مسلسل اعتراضات لگائے جا رہے ہیں، اپیل فیصلہ آنے کے نویں دن ہی ہائی کورٹ میں دائر کی گئی۔ وکیل کا کہنا تھا کہ بانی اس وقت صرف دو کیسز میں جیل میں ہیں، توشہ خانہ ٹو اور القادر کیس کے علاوہ کسی کیس میں گرفتاری مطلوب نہیں۔ عید سے پہلے اپیلوں پر سماعت ہوئی تو رہائی ممکن ہے، دونوں کیسز آپس میں منسلک ہیں، الگ نہیں کیے جا سکتے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل