Thursday, March 05, 2026
 

امارات نے ایران کے 6 بیلسٹک میزائل اور 125 ڈرون مار گرائے؛ ملبہ لگنے سے 6 پاکستانی زخمی

 



متھدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل اور 125 ڈرون تباہ کر دیے۔ عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ ملک کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ چوکنا ہیں۔ ایران کے 7 میں سے 6 بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے اندر گرنے والے میزائل سے بھی کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اسی طرح ایران کے 131 ڈرونز میں سے 125 کو کامیابی سے مار گرایا گیا جبکہ چھ ڈرون یو اے ای کی حدود میں آ کر گرے۔ دوسری جانب دارالحکومت ابوظہبی کی انتظامیہ نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ڈرون تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ  دو مختلف مقامات پر گرا جس میں 6 پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔ متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا ملبہ لگنے سے زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انھیں معمولی اور درمیانی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ یو اے ای حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔ یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا جس میں آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ سمیت وزیر دفاع، آرمی چیف، مشیر قومی سلامتی اور پاسداران انقلاب کے سربراہ شہید ہوگئے۔ جس کے بعد سے ایران نے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈّوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے جس میں اب تک 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل