Thursday, March 05, 2026
 

خفیہ جیل میں گزرے آٹھ رمضان المبارک

 



میرے سامنے ایک ایسی نئی کتاب پڑی ہے جسے دلکشا بھی کہا جا سکتا ہے ، دل افروز بھی اور ایمان پروربھی ۔ اِس نئی تصنیف کا عنوان ہے : اندھیری جیل کا قیدی !کتاب کا اشاعتی جمال بھی قابلِ دید ہے اور باطنی مواد بھی ۔ اِس کے مصنف بنگلہ دیش کے ممتاز اور نوجوان قانون دان، چالیس سالہ جناب بیرسٹر میر احمد بن قاسم ارمان، ہیں ۔ مجھے یہ کتاب جماعتِ اسلامی کے معروف مصنف ، صحافی اور دانشور ،برادرم سلیم منصور خالد صاحب، نے تحفتاً بھیجی ہے ۔ پروفیسرسلیم منصور خالد صاحب چونکہ خود بھی کئی وقیع کتابوں کے مصنف ہیں اور جماعتِ اسلامی پاکستان کے ترجمان جریدے ’’ماہنامہ عالمی ترجمان قرآن ‘‘ کے مدیر بھی ، اس لیے اُن کے دل میں کتاب اور حرفِ مطبوعہ کا احترام اور ذوق و شوق فراواں پایا جاتا ہے۔وہ کئی کتابوں کے مرتّب کنندہ بھی ہیں اور فنِ اشاعت کی باریکیوں سے بھی خوب آشنا۔ بیرسٹر میر احمد بن قاسم ارمان کی تصنیف کردہ زیر نظر کتاب ( جو تقریباً تین سو صفحات کو محیط ہے) بھی جناب سلیم منصور خالد کی ترجمہ و ترتیب کردہ ہے۔ اِس تازہ بہ تازہ ،شاندار اور تاریخ ساز کتاب کی اہمیت و حیثیت یہ بھی ہے کہ مصنف بنگلہ دیش کی جماعتِ اسلامی کے ایک معروف و سابق رہنما، میر قاسم علی مرحوم، کے بلند قامت صاحبزادے ہیں ۔ اُن کے والدِ گرامی ( میر قاسم علی) کو بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم (اور اب بھارت میں مفرور) ، شیخ حسینہ واجد، کی پندرہ سالہ استبدادی حکومت میں ایک جعلی، من گھڑت اور بے بنیاد مقدمے میں پھانسی کی سزا دے کر شہید کر دیا گیا تھا۔ میر قاسم علی شہید بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے اُن6 ممتاز اور اولو العزم رہنماؤں میں سے ایک تھے جنہیں حسینہ واجد نے ذاتی و نظریاتی دشمن جان کر تختہ دار پر لٹکا دیا تھا۔ ستم ظریفی ملاحظہ کیجئے کہ انگلستان اور مصر سے اعلیٰ تعلیم یافتہ بیرسٹر میر احمد بن قاسم ارمان کو اپنے والد صاحب کی پھانسی دیے جانے سے25روز قبل بنگلہ دیشی وزیر اعظم، حسینہ واجد، کے حکم پر بنگلہ دیشی سیکیورٹی فورسز نے زبردستی اغوا کیا اور پھر پورے 8برس اُنہیں قیدِ تنہائی میں رکھا ۔ اُن پر بے پناہ تشدد بھی کیا گیا اور اُن کے خاندان ، احباب اور عالمی میڈیا سے حسینہ واجد کی حکومت یہ کہہ کر مسلسل کذب بیانی کرتی رہی کہ’’ وہ نہیں جانتے کی احمد بن قاسم کو کس نے اغوا کیا ہے ۔‘‘اِس عرصے میں اُن کے خاندان پر کیا گزری ہوگی، اِس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ اِس کتاب ( ’’اندھیری جیل کا قیدی‘‘) کے مصنف مغوی حالت میں جیل ہی میں تھے کہ اُن کے والد صاحب کو پھانسی دے کر شہید کر دیا گیا ۔ وہ اپنے والد سے آخری ملاقات سے بھی جبریہ محروم رکھے گئے ۔ اگست2024ء کو بنگلہ دیش میں زبردست طلبا تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا خاتمہ ہُوا، تب نئی حکومت ( جس کے سربراہ نوبل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس تھے) نے مصنف کو عذابناک قیدِ تنہائی سے نجات دلائی ۔چونکہ یہ رمضان کا مبارک و مسعود مہینہ ہے ، اس لیے محترم بیرسٹر میر احمد بن قاسم ارمان کی لکھی گئی کتاب ’’ اندھیری جیل کا قیدی‘‘ کا وہ باب (خفیہ جیل میں پہلا رمضان) خاص طور پر پڑھنے کے قابل ہے۔ اِس باب میں اُنھوں نے جیل میں گزرے آٹھ سال کے دوران اپنے اوّلین ماہِ رمضان کی ایسی ایمان افروز رُوداد لکھی ہے جسے پڑھ کر آدمی کا ایمان بھی تازہ ہوتا ہے، دینِ اسلام پر یقینِ محکم بھی قوی تر ہو جاتا ہے اور قرآنِ مجید سے محبت و عقیدت بھی بڑھ جاتی ہے ۔ یہ باب ہمیں بتاتا ہے کہ عقوبتوں ،اذیتوں اور زندانوں میں رہ کر بھی مومن رمضان المبارک کی سعادتوں اور برکات سے کس طرح مستفید ہونے کی سعی کرتا ہے ۔ مصنف نے خفیہ جیل کی اندھیری کوٹھڑی میں آٹھ رمضان پامردی اور صبر سے گزار ے ۔  بیرسٹر میر احمد بن قاسم ارمان نے زیر نظر کتاب میں بنگلہ دیش میں سابق وزیر اعظم (شیخ حسینہ واجد) کی استبدادی حکومت کے دوران جیل میں گزرنے والے آٹھ برسوں میں اپنے پہلے رمضان المبارک کا ذکر اِن الفاظ میں کیا ہے :’’قید میں پہلے رمضان کی سب سے بڑی مشکل یہ تھی کہ میرے پاس قرآن نہیں تھا۔ مَیں اِس کی تلاوت سے سکون حاصل کرنے کے لیے ترس رہا تھا، لیکن یہ مجھ سے چھین لیا گیا تھا۔ قرآنِ کریم کے ایک نسخے کے لیے مَیں مسلسل دُعا کرتا رہا ، لیکن وہ کبھی نہ آیا‘‘۔ پھر لکھتے ہیں: ’’ سحری کے لیے مجھے جو کھانا ملتا تھا، وہ باہر کھڑے گارڈز کو ملنے والے کھانے کا بھی نصف ہوتا تھا۔ چونکہ ہمارے پاس گھڑی نہیں تھی ، اسلیے ظہر اور عصر کی نمازوں کے اوقات کا پتہ ہی نہیں چلتا تھا۔ باہر کھڑے گارڈز سے گزارش کی جاتی : بھئی، خدا کے لیے نمازوں کے اوقات ہی بتا دیا کرو ۔ وہ کبھی کبھار اشاروں میں بتا دیتے ۔ پہلی افطاری کے دن جو کھانا دیا گیا، اُس میں تین چار چمچ چنے ، ایک پکوڑا، اور ایک کھجور تھی ۔اِس پہلے افطار پر فیملی کی یاد نے میرے دل کو مزید بوجھل کر دیا۔ خاص طور پر میری دو معصوم بیٹیوں کی یاد ۔‘‘یہ منظر پڑھنے والے کو یقیناً اشکبار کر دیتا ہے۔ زیر نظر کتاب میں ایسے کئی مناظر ہمیں پڑھتے ہُوئے ملتے ہیں ۔زیر نظر کتاب میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’ حسینہ واجد کی حکومت کے دوران ،بنگلہ دیش کی جیلوں میں مذہب پسند قیدیوں کی نگرانی کے لیے ’’پڑوسی ملک‘‘ کے گارڈز بھی تعینات کیے جاتے تھے ۔ یہ اشارہ غالباً بھارت کی طرف ہے ۔ اِسی سے ہم اندازہ لگا سکتے ہیں کہ شیخ حسینہ واجد کے پندرہ سال استبدادی حکومتی دَور میں بھارت کہاں تک اور کس حد تک بنگلہ دیشی معاملات میں دخیل ہو چکا تھا۔ اِسی کا ردِ عمل ہُوا تو اگست2024ء میں حسینہ واجد کی حکومت کا دھڑن تختہ کر دیا گیا تھا۔ یہ کتاب بنگلہ دیش میں جبری گمشدگی کے آٹھ سال کی محض ایک سادہ سی کہانی اور کتھا نہیں ہے،بلکہ ذاتی تلخ ترین تجربات پر مشتمل یہ تصنیف دراصل حسینہ واجد کے دَور کی ایک مکمل تصویر ہے ۔ اِس تصویر میں ہم حسینہ واجد کی ایک ایسی بھیانک شکل ملاحظہ کر سکتے ہیں جو سوویت یونین کے زمانے میں متشدد رُوسی حکمرانوں کی جیلوں سے مشابہ ہیں ۔اُس دَور میں رُوسی حکمران اپنے سیاسی مخالفین کو سائبیریا کے برف زاروں میں بنائی گئی خوفناک جیلوں میں بھیج کر ظلم کی نت نئی کہانیاں مرتب کرتے تھے ۔ خدا کا شکر ہے کہ حسینہ واجد کی حکومت کے ساتھ ہی بنگلہ دیش میں جبری گمشدگی کی وارداتیں بھی تقریباً اپنے اختتام کو پہنچ گئیں ۔ اب بنگلہ دیش میں (12 فروری2026ء کے انتخابات کے بعد) ایک نیا سورج طلوع ہُوا ہے ۔ جناب طارق رحمن کی وزارتِ عظمیٰ کے تحت نئی حکومت بن چکی ہے ۔اور امیرِ جماعتِ اسلامی ، ڈاکٹر شفیق الرحمن، کی قیادت میں جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش(77سیٹوں کے ساتھ) پارلیمنٹ میں طاقتور حزبِ اختلاف بن چکی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ زیر نظر کتاب ( اندھیری جیل کا قیدی) کے مصنف، جناب بیرسٹر میر احمد بن قاسم ارمان ،بھی ڈھاکہ سے جماعتِ اسلامی کے پلیٹ فارم اور ’’ترازو‘‘ کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر پارلیمنٹ کے رکن بن چکے ہیں ۔ اُن کے ووٹروں نے اُنہیں اُن کی کمٹمنٹ اور جماعت سے وابستگی کا خوب صلہ دیا ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’بنگلہ دیش میں گمشدگی کے آٹھ سال: اندھیری جیل کا قیدی‘‘کی قیمت750روپے ہے۔ اِسے ’’منشورات‘‘ نے شائع کیا ہے ۔ بنگلہ دیش کی سیاست و معاملات سے دلچسپی رکھنے والوں کو یہ تصنیف ضرور مطالعہ کرنی چاہیے ۔ یہ کتاب مطالعہ کے دوران ہمیں بار بار یہ باور کرواتی اور احساس دلاتی ہے کہ جب تشدد کا منظم ریاستی ڈھانچہ معرضِ عمل میں آتا ہے تو مجبورِ محض قیدیوں اور لاپتہ ہونے والوں کے لیے ملکی قوانین اندھے اور بہرے ہو جاتے ہیں ۔ اِس کے باوجود باہمت قیدی(اور اُن کے جملہ لواحقین) مایوس ہوتے ہیں نہ قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کی سعی کرتے ہیں ۔ بلکہ قانون کے تمام معلوم دروازوں پر دستک دیتے رہتے ہیں ، تاآنکہ قدرت کوئی نہ کوئی دروازہ کھول ہی دیتی ہے ۔ جیسا کہ اگست2024ء میں بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کی متشدد حکومت ختم ہُوئی تو کئی بے گناہ زندانیوں پر نجات کے دروازے بھی کھل گئے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل