Friday, March 06, 2026
 

سول اسپتال سے اغوا ہونے والا بچہ 3 مہینے بعد بازیاب

 



سول اسپتال سے 3 ماہ قبل اغواء کیے جانے والے بچہ کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ذسثرکٹ سٹی عارف عزیز کے مطابق اغواء کار ملزم میاں اور بیوی نکلے، ملزمان کو ٹیکنیکل بنیادوں پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میاں بیوی کی شناخت علی اور قرۀ العین کے ناموں سے کی گئی ، ملزمان کو گارڈن کے علاقے عیسیٰ ٹیرس سے گرفتار کیا گیا۔ واضح رہے کہ 3 ماہ قبل سول اسپتال کراچی سے اذان نامی بچہ اغواء کیا گیا تھا ، جس کا مقدمہ الزام نمبر 401/2025 بجرم دفعہ 364A کے تحت عیدگاہ تھانے میں درج کرایا گیا تھا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی عارف عزیز نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او عیدگاہ ظفر پٹھان کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی تھی۔ ایس ڈی پی او ، ایس ایچ او عیدگاہ، ایس ایچ او گارڈن و ٹیم نے 3 ماہ کے اندر نہایت حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو ٹیکنیکل بنیادوں پر گرفتار کر کے مغوی اذان کو بازیاب کرا کے والدین کے حوالے کر دیا۔ بچے کے والدین نے سندھ پولیس خصوصاً ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کا شکریہ ادا کیا ، گرفتار ملزمان میاں بیوی کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل