Loading
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے ملاقات کی جس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر اور دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے قومی ٹیم کو آٹھ برس بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی اور ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو سراہا۔
چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ جو ہاکی کھلاڑی اس وقت ملازمت نہیں رکھتے، انہیں روزگار فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کے علاج کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فٹنس اور میڈیکل سہولیات کے حوالے سے ہاکی کھلاڑیوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا اور پی سی بی پہلے کی طرح قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے میں پی سی بی ہمیشہ اپنا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم آئندہ ہاکی ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائے گی۔
دوسری جانب قومی ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی سپورٹ نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کیے ہیں اور مشکل وقت میں ٹیم کا ساتھ دیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل