Loading
کراچی میں عید الفطر کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے 9 افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں اسلحے کے بے دریغ استعمال سے شہری گھروں اور سڑکوں پر غیر محفوظ ہیں۔ عید کی چاند رات پر مختلف علاقوں میں مغرب کی نماز کے بعد نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے 2 نوعمر لڑکوں، خاتون اور پولیس اہلکار سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔
کیماڑی ڈاکس کالونی ضیاالدین اسپتال کے قریب گھر میں گولی لگنے سے 7 سالہ عبدالرحمٰن زخمی ہوگیا، قائد آباد کے علاقے لانڈھی داؤد چورنگی رضا مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے 8 سالہ ارحم زخمی ہوگیا۔
پیر آباد کے علاقے نصرت بھٹو میانوالنی کالونی جوزف چرچ کے قریب گھر میں گولی لگنے سے 35 سالہ ساجن زخمی ہوگیا جبکہ اسی علاقے اسلامیہ کالونی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار 29 سالہ دلدار بھی زخمی ہوگیا۔
مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن بدھ بازار کے قریب فائرنگ سے 32 سالہ زینب زخمی ، ماڑی پور مچھر کالونی میں فائرنگ سے 22 سالہ شہروز ، نارتھ ناظم آباد میں عبداللہ کالج کے قریب فائرنگ سے 16 سالہ عذیر، لیاری کے علاقے بغدادی شاہ بیگ لین گلی نمبر 3 میں فائرنگ 13 سالہ محمد جبکہ سپرہائی وے جنجال گوٹھ میں فائرنگ سے 8 سالہ ثمرین زخمی ہوگئی۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید ، سول اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس حوالے سے چھیپا حکام اور پولیس کا کہنا فائرنگ کے واقعات نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے پیش آئے ہیں جس کی پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔
دریں اثنا سمن آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 19 افغان گراؤنڈ کے قریب جمعے کی شام فائرنگ سے 22 سالہ علی رضا زخمی ہوگیا جسے ٹانگ پر گولی لگی تھی ، نوجوان کو ایدھی کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔
سمن آباد پولیس کے مطابق واقعہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل