Sunday, March 22, 2026
 

امریکی ریاست سیاٹل میں آج خالصتان ریفرنڈم، ہزاروں سکھ ووٹنگ کیلئے تیار

 



امریکی ریاست سیاٹل میں آج خالصتان ریفرنڈم کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق اتوار صبح 9 بجے شروع ہوگی۔ ریفرنڈم "سکھس فار جسٹس" کی عالمی مہم کا حصہ ہے جبکہ اس کی قیادت گورپت وانت سنگھ پنوں کر رہے ہیں۔ ڈاؤن ٹاؤن سیاٹل میں خالصتانی جھنڈے لہرا دیے گئے ہیں اور شہر کے وسط میں ایک دیوقامت خالصتانی پرچم بھی نصب کیا گیا ہے۔ ریفرنڈم میں شرکت کیلئے ہزاروں سکھ ووٹرز سیاٹل پہنچ رہے ہیں، مقامی سکھ تنظیموں نے کھانے پینے اور دیگر سہولیات کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ یہ سیاٹل میں اپنی نوعیت کا پہلا ریفرنڈم ہے۔ اس سے قبل کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں 23 نومبر 2025 کو خالصتان ریفرنڈم منعقد ہوا تھا جبکہ لندن، ٹورنٹو، وینکوور، روم اور جنیوا سمیت دنیا کے مختلف شہروں میں بھی ریفرنڈمز ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ریفرنڈمز میں لاکھوں سکھوں نے خالصتان کے حق میں ووٹ ڈالنے کا دعویٰ کیا گیا۔ بھارتی مخالفت کے باوجود امریکی حکومت نے ریفرنڈم کی اجازت دی۔ سکھ رہنماؤں کا الزام ہے کہ بھارت بیرون ملک سکھ رہنماؤں کو نشانہ بنا رہا ہے، جون 2023 میں کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کا الزام بھی بھارت پر عائد کیا جاتا ہے۔ گورپت وانت سنگھ پنوں کا کہنا ہے کہ اگر بھارت کے مطابق ریفرنڈم کا کوئی اثر نہیں تو بیرون ملک سکھ رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی کوششیں کیوں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں موت کا خوف نہیں اور پنجاب کی مزاحمتی تاریخ کے باعث آئندہ 10 سے 15 برس میں بھارت کا نقشہ بدل سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل