Tuesday, March 24, 2026
 

پاکستان کی بڑی سفارتی پیشکش، ایران اور امریکا مذاکرات کیلئے اسلام آباد بطور میزبان سامنے آ گیا

 



پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کیلئے ایک اہم سفارتی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر دونوں فریق راضی ہوں تو اسلام آباد ہر سطح پر بات چیت کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے اور اگر ایران اور امریکا آمادہ ہوں تو مذاکرات کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرنا پاکستان کیلئے باعثِ اعزاز ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ فی الحال پاکستان میں کسی باضابطہ مذاکرات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی. تاہم یہ واضح کیا کہ اسلام آباد اصولی طور پر ایسے کسی بھی عمل کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں بھی یہی مؤقف دہرایا۔ دوسری جانب ایران نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت کوئی مذاکراتی عمل جاری نہیں۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ رابطوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان 15 نکات پر مشتمل ایک معاہدہ طے پا چکا ہے، جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ممکنہ طور پر اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے اعلیٰ حکام کی اہم ملاقات ہو سکتی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان پسِ پردہ سفارتی کوششوں میں بھی سرگرم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کا کردار ادا کر رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل