Wednesday, March 25, 2026
 

حکومت کی صنعتی صارفین کے لیے نیا ٹیرف نظام متعارف کرانے کی تیاری

 



حکومت کی جانب سے صنعتی صارفین کے لیے نیا ٹیرف نظام متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) صنعتی صارفین کی سہولت اور بجلی کے مؤثر استعمال کو بہتر بنانے کے لیے ایک نیا اختیاری ملٹی ٹیرف ٹائم آف یوز (ToU) نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایت پر اس حوالے سے متعدد اندرونی مشاورتی اور تکنیکی اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں۔ مجوزہ فریم ورک کے تحت صنعتی صارفین کو ملٹی سلیب ٹیرف ڈھانچے میں شامل ہونے کا اختیار دیا جائے گا، جس میں بجلی کی قیمتوں کا تعین مختلف اوقات میں اوسط مارجنل لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ بجلی کی اصل لاگت کی بہتر عکاسی ہو سکے۔ ٹیرف کے 2 بنیادی حصے ہوں گے۔ فکسڈ چارجز، جو زیادہ سے زیادہ طلب کے اشاریوں کی بنیاد پر مقرر کیے جائیں گے اور نسبتاً زیادہ ہوں گے تاکہ صارفین اپنی زیادہ سے زیادہ طلب کو کم کرنے کی ترغیب حاصل کریں۔ دوسرا ویری ایبل انرجی چارجز ہوں گے، جنہیں حقیقی توانائی لاگت کے مطابق کم اور متوازن کیا جائے گا۔ مجوزہ نظام سے صنعتی شعبے کو مختلف فوائد حاصل ہوں گے، جن میں کم لاگت والے اوقات میں بجلی کے استعمال کو بڑھا کر لوڈ مینجمنٹ کو بہتر بنانا، آف پیک اوقات میں بجلی کے استعمال کو فروغ دینا، گرڈ پر دباؤ کم کرنا اور مہنگی صلاحیت میں اضافے کی ضرورت کو محدود کرنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں اس اقدام سے صنعتی پیداوار اور مسابقت میں بہتری آنے کے ساتھ توانائی کے اخراجات میں پیشگوئی اور ممکنہ کمی بھی ممکن ہو سکے گی۔ وفاقی وزیر نے تکنیکی تجاویز کے بعد ہدایت کی ہے کہ مجوزہ نظام کو مؤثر اور جامع بنانے کے لیے تمام متعلقہ فریقین سے وسیع مشاورت کی جائے۔ اس سلسلے میں صنعتی صارفین، چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیموں سے مشاورت کی جائے گی اور ان کی آرا کو حتمی میکنزم میں شامل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پہلا مشاورتی اجلاس 26 مارچ کو آن لائن منعقد ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل