Monday, April 06, 2026
 

میٹرک بورڈ کی بدانتظامی، ایڈمٹ کارڈ سے محروم ہزاروں طلبا بورڈ آفس پہنچ گئے

 



ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اپنی نااہلی اور بدانتظامیوں کے سبب  ڈیجیٹیلائزیشن کے دعوؤں  کے باوجود ایڈمٹ کارڈز کی مینئول تقسیم پر آگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق میٹرک بورڈ کراچی کی انتظامیہ نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے ڈیجیٹل ایڈمٹ کارڈ کے بجائے روایتی طریقہ کار یا مینئول ایڈمٹ کارڈ تقسیم کرنے لگا۔ اس سلسلے میں اتوار کی رات میٹرک کے امتحانات 3 روز کے لیے ملتوی کرکے ایڈمٹ کارڈز کی روایتی تقسیم کا اعلان کیا گیا تھا کیونکہ بورڈ کا پورٹل تکنیکی طور پر ناکارہ ہوگیا تھا۔ اس اعلان کے بعد پیر کو اسکولوں کے ہزاروں نمائندے ایڈمٹ کارڈ کے حصول کے لیے میٹرک بورڈ پہنچے اسکولوں کے ہزاروں نمائندوں کے بیک وقت بورڈ میں پہنچنے کے سبب دن بھر افراتفری کے مناظر سامنے آئے۔ ان مناظر کے بعد بورڈ کی جانب سے بڑی تعداد میں اسکولز نمائندوں کو شام میں آکر ایڈمٹ کارڈ موصول کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رش و افراتفری کے سبب پیر کے روز بھی سیکڑوں اسکولوں کے ہزاروں امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ جاری نہیں ہوسکے۔ ادھر ترجمان میٹرک بورڈ کے مطابق 80 فیصد اسکولوں کو ایڈمٹ کارڈز جاری کردیے ہیں جو بچ گئے ہیں وہ منگل کو جاری کردیے جائیں گے جبکہ بہت سے اسکولوں نے پورٹل سے ہی ایڈمٹ کارڈ لے لیے ہیں۔ واضح رہے کہ پورٹل کام نہ کرنے کے سبب کراچی میں میٹرک کے امتحانات کی تاریخ تبدیل کردی گئی تھی، امتحانات 3 روز کے لیے ملتوی ہوئے جو اب جمعہ 10 اپریل سے شروع ہونگے تاہم پیر کی شام تک بورڈ  نظر ثانی شدہ امتحانی شیڈول بھی جاری نہیں کرسکا تھا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل