Wednesday, April 08, 2026
 

’گردہ دو یا 30 لاکھ‘: بہو سے جہیز کی غیر معمولی مانگ

 



بھارت میں جہیز سے متعلق ایک حیران کن اور چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں سسرال والوں نے بہو سے ایسی غیر معمولی مانگ کر دی جس نے سب کو ششدر کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق اترپردیش کے شہر کانپور میں ایک خاتون کو اپنے شوہر کے لیے گردہ دینے یا پھر 30 لاکھ روپے نقد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شادی سے قبل سسرال والوں نے شوہر کی سنگین بیماری، یعنی دونوں گردوں کے فیل ہونے کی حقیقت کو چھپایا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اس اہم معاملے سے لاعلم رکھتے ہوئے اس کی شادی کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شادی 22 جون 2025 کو لکھنؤ کے رہائشی نشانت کمار سے ہوئی تھی، جس کے دوران اس کے اہلِ خانہ نے جہیز میں 8 لاکھ روپے نقد، زیورات اور ایک گاڑی بھی دی تھی۔ تاہم شادی کے بعد سسرال میں اس کے ساتھ رویہ مناسب نہ رہا اور اس کی ذاتی زندگی میں مداخلت بھی کی جاتی رہی۔ خاتون نے یہ بھی بتایا کہ اس کا شوہر روزانہ متعدد ادویات استعمال کرتا تھا، جس سے اس کی صحت کی سنگینی کا اندازہ ہوتا تھا۔ مزید انکشاف کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ اسے بعد میں معلوم ہوا کہ اس کے شوہر کے کسی دوسری خاتون کے ساتھ تعلقات بھی تھے، جس کا علم گھر والوں کو بھی تھا۔ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب سسرال والوں نے اس سے ایک گردہ دینے یا 30 لاکھ روپے کا بندوبست کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ اس مطالبے کے بعد خاتون نے سسرال چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور اپنے گھر واپس آ گئی، تاہم اس کا کہنا ہے کہ سسرال والوں نے اس کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء اپنے پاس رکھ لیں۔ پولیس حکام کے مطابق شوہر نشانت کمار اور اس کے اہلِ خانہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل