Thursday, April 09, 2026
 

پاکستان نے جنگ بندی میں اہم سہولت کار کا کردار ادا کیا، پاکستانی سفیر

 



امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے پیچھے پاکستان کی سفارتی کوششیں اہم کردار ادا کرتی ہیں جو گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری تھیں اور بالآخر کامیاب جنگ بندی اور مذاکرات کے اعلان پر منتج ہوئیں۔ سفیر پاکستان کے مطابق یہ پیش رفت سفارت کاری اور مکالمے کی فتح ہے اور پاکستان نے ہمیشہ اپنی تاریخ میں مثبت سفارت کاری کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر تمام فریقین کے اعتماد پر وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سفارتی عمل کو کامیاب بنانے میں متعدد ممالک نے بھی اہم کردار ادا کیا، جن میں سعودی عرب، ترکیہ، مصر، قطر، چین اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ ان تمام ممالک کی مشترکہ کوششوں سے نہ صرف جنگ بندی ممکن ہوئی بلکہ مذاکرات کا راستہ بھی کھلا۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ چین نے ابتدا سے ہی فریقین کو تحمل اور سفارت کاری اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے اس پورے سفارتی عمل میں براہ راست کردار ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکراتی عمل کی کامیابی راز داری اور باہمی اعتماد کی متقاضی ہے، اور بغیر کسی دباؤ کے ہی اس کے فیصلہ کن ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ ان کے مطابق فیصلوں کا اختیار متعلقہ فریقین کے پاس ہے جبکہ پاکستان صرف ایک سہولت کار کے طور پر خلوص نیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں، اور خلیجی ریاستوں میں تقریباً پچپن لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پورے سفارتی عمل کے دوران خلیجی ممالک کی قیادت کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رہی۔ آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی یہ مخلصانہ اور سفارتی کوششیں مثبت نتائج دے گی اور خطے میں امن و استحکام نہ صرف خلیج بلکہ عالمی سیاست اور معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل