Friday, April 10, 2026
 

کراچی؛ جھلسی ہوئی نوجوان کی لاش کی شناخت کرلی گئی، تحقیقات شروع

 



ناردرن بائی پاس سہراب رندھ گوٹھ کے قریب جھلسی ہوئی ملنے والی نوجوان کی لاش کی شناخت کر لی گئی، مقتول نوجوان سعید آباد کا رہائشی اور ایک بیٹی کا باپ تھا، جو گڈز ٹرانسپورٹ لیبر اسکوائر سائٹ ایریا میں بحیثیت منشی کا کام کرتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق جعمرات کو موچکو تھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس سہراب رندھ گوٹھ کے قریب نوجوان کی ایک سے دو روز پرانی جھلسی ہوئی ناقابل شناخت لاش ملی تھی۔ گزشتہ روز مقتول نوجوان کی شناخت 29 سالہ فیضان ستی عرف فیضی ولد شیراز اختر کے نام سے کی گئی، مقتول نوجوان مکان نمبر 6/5 سیکٹر فور جی سعید آباد کا رہائشی تھا، مقتول نوجوان ایک بیٹی کا باپ اور گڈز ٹرانسپورٹ لیبر اسکوائر سائٹ ایریا میں بحیثیت منشی کا کام کرتا تھا۔ مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بیٹا دو روز قبل 8 اپریل رات ساڑھے 8 بجے کے قریب اپنی بیوی کو سسرال گلشن غازی چھوڑنے کے لیے گھر سے نکلا تھا لیکن بیوی کو سسرال چھوڑ کر دوبارہ گھر واپس نہیں آیا اور اس کے بعد جب کافی رات گزر گئی تو انہوں نے اپنے بیٹے سے فون پر متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن بیٹے کے چاروں نمبر بند تھے۔ والد کے مطابق بیٹے کو تلاش کرتے ہوئے سعید آباد تھانے پہنچے تو معلوم ہوا کہ موچکو تھانے کی حدود سے ایک نوجوان کی لاش ملی ہے جس پر اپنے رشتہ داروں کے ساتھ سول اسپتال پہنچا تو ان کے بیٹے کی لاش اسٹیچر پر پڑی ہوئی تھی جسے انہوں نے شناخت کیا۔ ایس ایچ او موچکو فیصل لطیف کے مطابق شبہ ہے نامعلوم ملزمان نے مقتول نوجوان فیضان فیضی کو اغواء کے بعد قتل کیا اور مقتول کی شناخت چھپانے کے لیے ملزمان نے لاش کو جلا دیا۔ پولیس کے مطابق بظاہر واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس نے مقتول نوجوان کے قتل کا مقدمہ اس کے والد شیراز اختر کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے واقعے کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل