Loading
پشاور کے علاقے یکہ توت کی حدود توحید آباد چوک میں ٹک ٹاک ویڈیو پر کمنٹس کا معمولی تنازع خونی تصادم میں تبدیل ہوا اور فائرنگ میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یکہ توت کی حدود توحید آباد چوک میں ٹک ٹاک ویڈیو پر کمنٹس کے معمولی تنازع پر تصادم ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی اور پھر خونی تصادم میں تبدیل ہوگیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 1 نوجوان عرفان اپنی جان کی بازی ہار گیا، جس کے گھر میں کہرام مچ گیا اور ایک ہنستا بستا خاندان سوگ میں ڈوب گیا۔
واقعے میں مجموعی طور پر سات افراد زخمی ہوئے، جن میں سہیل، داؤد، محمد ثانی، فرمان، نور خان اور عدنان شامل ہیں، جبکہ کچھ بے گناہ راہگیر بھی اس تشدد کی لپیٹ میں آ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے بعد اچانک فائرنگ شروع ہونے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر چھپتے رہے۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ آغا میر جانی شاہ کی پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تاہم ابتدائی اطلاعات میں اس خونی تصادم کی وجہ ٹک ٹاک پر ہونے والا تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس تلخ حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی معمولی بات چیت بھی اگر برداشت اور سمجھداری سے نہ نمٹائی جائے تو سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل