Monday, April 13, 2026
 

پولیو کے خلاف جنگ: وزیراعلیٰ سندھ کی علمائے کرام اور سماجی کارکنوں سے کردار ادا کرنے کی اپیل

 



سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ علمائے کرام، سیاسی و سماجی کارکن پولیو کے خلاف اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہمارے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہم میں 83 ہزار تربیت یافتہ فرنٹ لائن ورکرز اور 24 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے انسداد پولیو مہم میں بھرپور ساتھ کا اعلان کیا ہے، اور شہید بینظیر بھٹو نے پاکستان میں پہلی بار آصفہ بھٹو زرداری کو پولیو کے قطرے پلائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تقریباً 80 فیصد ماحولیاتی نمونے مثبت آئے تھے، جو اب کم ہو کر 24 فیصد رہ گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت صحت کی بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سات روزہ پولیو مہم کے دوران صوبے میں ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ قوت مدافعت بڑھانے کے لیے 94 لاکھ بچوں کو وٹامن اے بھی دیا جائے گا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے کلاس رومز میں جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سردار شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل