Saturday, April 18, 2026
 

کراچی: ریڑھی گوٹھ میں سمندری آلودگی کی تشویشناک صورتحال

 



کراچی کے ساحلی علاقے ریڑھی گوٹھ میں سمندری آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، سمندر میں شامل فضلے اور آلودگی نے ماہی گیری کے شعبے کو شدید متاثر کردیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق آلودگی کے باعث نہ صرف مچھلیوں کی افزائش متاثر ہو رہی ہے بلکہ ماہی گیر خود بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ صنعتی فضلہ اور گٹر کا گندا پانی بغیر کسی ٹریٹمنٹ کے مسلسل سمندر میں چھوڑا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں روزانہ ہزاروں گیلن آلودہ پانی سمندر میں شامل ہو کر سمندری حیات کو نقصان پہنچا رہا ہے اور ماہی گیروں کے روزگار کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ بھینس کالونی سے نکلنے والا جانوروں کا گوبر اور ٹیکسٹائل و چمڑا رنگنے والی فیکٹریوں کا کیمیائی فضلہ بھی دھڑلے سے سمندر برد کیا جا رہا ہے جس سے آلودگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اور حکومت سندھ اس سنگین مسئلے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ کوسٹل میڈیا سینٹر کے ترجمان کمال شاہ کے مطابق مقامی ماہی گیر برادری نے حکومتِ سندھ اور ماحولیاتی اداروں سے اپیل کی ہے کہ صنعتی فضلے کو بغیر ٹریٹمنٹ سمندر میں چھوڑنے پر فوری پابندی عائد کی جائے، ساحلی علاقوں کی باقاعدہ صفائی اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور ماہی گیروں کی صحت و روزگار کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو سمندری حیات سے وابستہ ماہی گیروں کا مستقبل شدید خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل