Monday, April 20, 2026
 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بڑا فیصلہ، گندم فروخت کی حد ختم کر دی

 



وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گندم فروخت کی حد ختم کر دی جبکہ گندم خریداری مہم تیز کرنے کی ہدایت بھی دے دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت گندم کی خریداری کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، مخدوم محبوب الزمان، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری زراعت زمان ناریجو، سیکریٹری خوراک عباس نائچ، سندھ بینک کے نمائندے اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چھوٹے آبادگار اب بغیر کسی پابندی کے گندم فروخت کر سکیں گے، فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط ختم کرنے سے ہاریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ آبادگاروں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ وزیر خوراک محبوب الزمان نے وزیراعلیٰ سندھ کو گندم کی خریدی سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گندم خریداری مہم یکم اپریل سے شروع کی گئی ہے، سندھ حکومت کا ہدف 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم حاصل کرنا ہے، اس سال امدادی قیمت ساڑھے 3ہزار روپے فی 40 کلو مقرر  کی گئی ہے، تقریباً 19 لاکھ 40 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشتکار 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہیں، اب تک تقریباً 8ہزار 958 میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے۔ وزیر خوراک نے مزید بتایا کہ ہدف پورا نہ ہونے کی بڑی وجہ چھوٹے آبادگاروں پر فی ایکڑ پانچ بوری نافذ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدف مکمل کرنے کے لیے فوری طور پر یہ حد ختم کر دی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چھوٹے آبادگار بغیر کسی مقدار کی پابندی حکومت کو گندم فروخت کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ آبادگاروں کی ادائیگیوں کے نظام کو نمایاں طور پر تیز کر دیا گیا ہے، آبادگاروں کو رقم ایک دن کے اندر سندھ بینک کے ذریعے منتقل کی جا رہی ہے اور اب تک 198.3 ملین روپے آبادگاروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آبادگاروں کو بہتر ادائیگی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ادائیگی ہاریوں کے اعتماد کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ہاریوں کو فوری اور شفاف ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام اہل آبادگار اپنی گندم سرکاری خریداری مراکز پر فروخت کریں، یہ نہ صرف غذائی تحفظ بلکہ ہاریوں کی مدد کے لیے بھی ضروری ہے، حکومت کو گندم فروخت کرنے والے آبادگار مستقبل کی سبسڈی کے اہل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کم خریداری والے اضلاع میں اقدامات مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو گندم کی خریدای مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکار باقاعدگی سے خریداری مراکز کا دورہ کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکار اور محکمہ زراعت کے افسران کسانوں سے رابطے میں ہیں، شکایات کے ازالے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر فعال خریداری مراکز کو فوری طور پر فعال کریں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آبادگاروں کی سہولت کے لیے مزید 12 خریداری مراکز کھولے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بے ضابطگیوں پر زیرو ٹالرنس ہے، پورا عمل ہاری دوست اور مؤثر ہونا چاہیے، ہاریوں کی مکمل حمایت جاری رہے گی، گندم خریداری مہم ہاریوں کی مدد اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل