Monday, April 20, 2026
 

پاکستان فٹبال لیگ اور ڈریم اسپورٹس گروپ کے درمیان پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے لیے شراکت قائم

 



پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) نے ڈریم اسپورٹس گروپ (ڈی ایس جی) کے ساتھ شراکت کا اعلان کیا ہے جو پاکستان فٹبال کی تاریخ میں ایک سنگ میل  کی حیثیت رکھتی ہے اور جس کا مقصد پورے پاکستان فٹبال کے جدید اسٹیڈیمز کی تعمیر کی قیادت کرنا ہے۔ یہ شراکت  ملک میں فٹبال کے سب سے بڑے مسئلے یعنی فیفاکے معیار کے مطابق میدانوں کی کمی کو براہِ راست حل کرتی ہے۔ کئی دہائیوں سے، پاکستان میں فٹبال کو ناکافی انفراسٹرکچر کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ملک میں صرف چند اسٹیڈیم موجود ہیں لیکن  بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں ہیں۔ پاکستان فٹبال لیگ اور ڈریم اسپورٹس گروپ  کے درمیان یہ شراکت اس صورتحال کو تبدیل کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے، جس کے تحت پورے ملک میں مختلف اسپورٹس وینیوزتعمیر کیے جائیں گے یا انہیں بہتر بنایا جائے گا، تاکہ فٹبال کے لیے ایک مضبوط کلچر کی بنیاد رکھی جا سکے اور پاکستان میں اس کھیل کی بحالی ممکن ہو سکے۔ اس شراکت کو ایک اہم اسٹریٹجک قدم قرار دیتے ہوئے پی ایف ایل کے چیئرمین فرحان احمد جونیجو نے کہا کہ 2024 میں پاکستان فٹبال لیگ کے آغاز سے ہی ہمارا مشن لاکھوں پُرجوش شائقین اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے خوابوں کی تکمیل میں مدد کرنا رہا ہے۔ پی ایف ایل کا مشن اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان اپنے خوابوں کی تعبیر سے محروم نہ رہیں اور مقامی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔ پاکستان کی پہلی فٹبال لیگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگرچہ ہر شخص پاکستان کی پہلی فٹبال لیگ کے آغاز کا بے چینی سے انتظار کر رہا ہے۔ تاہم، تاخیر کی بنیادی وجہ انفراسٹرکچر اور فٹبال اسٹیڈیمز کی کمی رہی ہے۔ اسی لیے پی ایف ایل نے ڈی ایس جی کے ساتھ مل کر یہ اقدام اٹھایا ہے تاکہ پاکستان میں فٹبال کے موجودہ انفراسٹرکچر کو مضبوط بنایا جا سکے۔ چنانچہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان میں فٹبال کی بحالی اب دور کا خواب نہیں رہی، اچھی خبر سامنے ہے اور ہمارے شائقین اور باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ایک نئے دور کا آغاز بس قریب ہی ہے۔ پورے پاکستان میں جدید ترین اسپورٹس انفراسٹرکچر کی فراہمی کے حوالے سے اپنے خواب کا ذکر کرتے ہوئے ڈریم اسپورٹس گروپ کے چیئرمین، قیصر بریار نے اس شراکت داری کو گیم چینجر“ قرار دیا اور کہا: ”پاکستان فٹبال لیگ کے ساتھ اشتراک ہمارے اس مشن میں ایک فیصلہ کن لمحہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں فٹبال کی بحالی ہے۔ یہ شراکت صرف اسٹیڈیمز بنانے تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ خوابوں کی تعمیر کے بارے میں ہے۔ ہم مل  جل کر پورے ملک میں عالمی معیار کے ایک سو وینیوز قائم کریں گے اور اپنے نوجوانوں کو وہ سہولیات فراہم کریں گے جن کے وہ حقدار ہیں، اور قومی سطح پر فٹبال کے جذبے کو دوبارہ زندہ کریں گے۔“ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں جلد ہی جدید ترین فٹبال اسٹیڈیمز اور اکیڈمیز کا قیام عمل میں آئے گا۔ یہ سہولیات ابھرتے ہوئے اور باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ایک بہترین آغاز ثابت ہوں گی، جو ملک کے اسپورٹس سفر میں ایک نئے باب کا آغاز کریں گی اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ فٹبال کی بحالی کا خواب ایک پائیدار حقیقت میں تبدیل ہو جائے۔ پاکستان فٹبال لیگ آئندہ ہفتوں میں قیادت کے حوالے  نئے اور اہم اضافہ کا اعلان کرنے کے لیے بھی تیار ہے جس کے ساتھ لیگ کے لیے ایک انقلابی اعلان بھی متوقع ہے جو اس کی ترقی میں ایک اور سنگِ میل ثابت ہوگا۔ یہ تقرریاں جدیدمہارت اور اسٹریٹجک سمت فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے  لیے پی ایف ایل کے مشن کو مضبوط بنایا جا سکے، اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ لیگ کا وژن مضبوط قیادت اور عالمی بہترین طریقۂ کار کی مدد سے آگے بڑھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل