Tuesday, April 21, 2026
 

پی سی بی کا سعودی عرب میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ

 



پی سی بی سعودی عرب میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرے گا اور مستقبل میں جدہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی بھی کر سکے گا، اس حوالے سے ابتدائی طور پر گورننگ بورڈ سے منظوری لی جا چکی ہے البتہ ابھی مزید معاملات پر غور اور حتمی معاہدہ ہونا باقی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں بھی کھیل کو فروغ دینا چاہتا ہے، وہاں بڑی تعداد میں پاکستانیوں سمیت ایشیائی نژاد افراد کھیل میں گہری دلچسپی لیتے ہیں، سعودی حکومت بھی اپنے ملک میں اسپورٹس سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔  اس حوالے سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، پی سی بی نے جدہ میں کرکٹ کا اسٹیڈیم بنانے کی خواہش ظاہر کر دی، گزشتہ دنوں بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں بھی سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ اس حوالے سے اظہار دلچسپی کی منظوری لی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں اسٹیڈیم کی جگہ منتخب کرنے کے لیے مختلف وینیوز کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ ابھی یہ معاملہ ابتدائی مراحل میں ہے، مقامی حکام کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے، جس کے بعد کام کا آغاز کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اپنی اسپیڈ کی وجہ سے مشہور ہیں، اگر اسی انداز میں سب کچھ ہوا تو کنٹریکٹ کے بعد ایک سال میں اسٹیڈیم تیار ہو سکتا ہے، حکام کی خواہش ہے کہ یہ فلڈ لائٹس کے حامل وینیو پر مناسب تعداد میں شائقین کی گنجائش بھی موجود ہو،اس کے بعد مستقبل میں پی ایس ایل سمیت پاکستان کرکٹ کے مختلف میچز کا انعقاد بھی جدہ میں کیا جائے۔ اس فیصلے سے نہ صرف شائقین کو وہاں کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا ، ساتھ ہی نوجوان کرکٹرز بھی اپنی صلاحیتیں نکھار کر آگے آنے کے مواقع پا سکیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل