Tuesday, April 21, 2026
 

مودی کے افتتاح سے ایک دن قبل راجستھان ریفائنری میں خوفناک آگ لگ گئی

 



انڈیا کی ریاست راجھستان میں واقع ایک اہم آئل ریفائنری میں اس وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی جب اس کا افتتاح نریندر مودی کی جانب سے کیے جانے میں صرف ایک دن باقی تھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ ضلع بالوترا کے علاقے پچپدرا میں قائم ریفائنری کے سی ڈی یو سیکشن میں لگی، جہاں خام تیل کو مختلف مصنوعات میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ آگ لگنے کے بعد ریفائنری سے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام کے مطابق فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ یہ ریفائنری ایچ پی سی اور حکومتِ راجستھان کا مشترکہ منصوبہ ہے، جسے بھارت کا پہلا گرین فیلڈ انٹیگریٹڈ ریفائنری-کم-پیٹروکیمیکل کمپلیکس قرار دیا جاتا ہے۔ اس منصوبے کا سنگ بنیاد 22 ستمبر 2013 کو سونیا گاندھی نے رکھا تھا، جس کی ابتدائی لاگت 37 ہزار 230 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی تھی۔ بعد ازاں حکومت کی تبدیلی کے بعد 16 جنوری 2018 کو وزیراعظم نریندر مودی نے اس منصوبے کا دوبارہ آغاز کیا اور اس کی لاگت بڑھا کر 43 ہزار 129 کروڑ روپے کر دی گئی۔ رپورٹس کے مطابق یہ ریفائنری نہ صرف ایندھن تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ ڈاؤن اسٹریم پیٹروکیمیکل مصنوعات کی بڑی مقدار پیدا کرنے کے لیے بھی اہم حیثیت رکھتی ہے۔ افتتاح سے عین قبل پیش آنے والے اس واقعے نے سیکیورٹی اور تکنیکی انتظامات پر سوالات بھی کھڑے کر دیے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل