Saturday, May 02, 2026
 

وزیراعظم کی بجلی کے نرخوں میں استحکام کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت

 



وزیراعظم شبہاز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات عوام اور صنعت کے وسیع تر مفاد کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر نہیں کی جائیں گی جبکہ حکام کو بجلی کے نرخوں میں استحکام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر پاور سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے سہولیات پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ہدایت کی کہ بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری لا کر لائن لاسز میں نمایاں کمی کی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا اور ملک میں توانائی کی کمی ختم کرنے کے لیے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بجلی کے نرخوں میں استحکام لانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں آسانی کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر زور دیا۔ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھنے جبکہ صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات عوام اور صنعت کے وسیع تر مفاد کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر نہیں کی جائیں گی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو گھریلو صارفین اور صنعت کے لیے بجلی کی کھپت کے حوالے سے سفارشات بھی پیش کی گئیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل