Thursday, July 04, 2024
 

پاک-بیلاروس سیاسی مشاورتی اجلاس، عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

 



 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں ہوا جہاں ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ شفقت علی خان اور بیلاروس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی لوکاشیوچ کی قیادت میں وفود نے شرکت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ فریقین نے سیاسی تعلقات، اعلیٰ سطح پر روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت اور سیکیورٹی امور میں تعاون، تعلیم اور دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں جانب سے پاکستان بیلاروس تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور  فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں فریقین نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

بیلاروس کے نائب وزیرخارجہ سرگئی لوکاشیوچ نے سیکریٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی سے بھی ملاقات کی اور اس دوران دوطرفہ تعاون کے شعبوں اور اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکریٹری خارجہ نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک رواں برس سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل