Monday, May 04, 2026
 

معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام یادگاری تقریب

 



معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام کراچی کے نجی ہوٹل میں یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام کاروباری ودیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ تقریب میں معرکہ حق کی کامیابی سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج سے ایک سال پہلے بھارت نے میلی آنکھ سے ہمارے ملک کی طرف دیکھا تھا، ہم سب نے مل کر بھارت کو جواب دیا، چند گھنٹوں میں بھارت کو جواب مل گیا تھا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم پر امن ملک ہیں ہم نے کہا تھا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، ہم نے بھارت کے کئی جہاز گرائے تھے، دیہات میں ہمارے لوگ ڈرون گرا رہے تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے وہ حرکت نہیں کی جو بھارتی میڈیا نے کی۔  بھارت کے میڈیا نے پروپیگنڈہ کیا کہ کراچی پورٹ کو نشانہ بنایا، ہماری نیوی تیار کھڑی تھی، پاک نیوی نے کہا ہم ان کی ایک ایک حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمارا پڑوسی ملک جنگ کا شوقین ہے۔  تقریب سے خطاب میں سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، یہ دن پوری قوم کے لیے عید سے کم نہیں تھا۔ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور کوئی بھی اسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ان کے مطابق پاک فوج نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک طاقتور ریاست ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور معرکہ حق کی کامیابی قوم کے لیے خوشی کا دن ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل