Loading
نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے میں 5 ہائی پروفائل ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا، دیگر علاقوں سے 4 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب لیاری ندی پُل G-3 بس اسٹاپ کے قریب مبینہ مقابلے میں 5 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا، تین ڈاکو کار اور دو موٹرسائیکل پر سوار تھے، دو طرفہ فائرنگ کے دوران درجنوں گولیاں کار اور پولیس موبائل کو بھی لگیں تاہم کار میں اور موٹرسائیکل پر سوار پانچوں ڈاکو مارے گئے جبکہ خوش قسمتی سے پولیس محفوظ رہی۔
مارے جانے والے ڈاکوؤں کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں، ایڈیشنل ایس ایچ او نیوکراچی انڈسٹریل ایریا بن یامین نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت 35 سالہ ندیم علی ولد خدا بخش، 40 سالہ سرفراز ولد شفیق، 40 سالہ نوید ولد عزیز اللہ، 35 سالہ آصف علی ولد عطا محمد اور غلام عباس ولد محمد احسان کے ناموں سے کی گئیں۔
گرفتار ملزمان سے ایک تیس بور پستول، ایک نائن ایم ایم پستول، دو پستولیں، ایک ایس ایم جی رائفل بمع گولیاں و کارتوس، موبائل فونز، ایک کار، شارع فیصل تھانے کی حدود سے چوری کی گئی کار، ہرے رنگ کا ہیلمٹ اور کیش رقم برآمد کی گئی۔
سب انسپکٹر بن یامین نے بتایا کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ اور ہائی پروفائل کرمنل تھے، ملزمان ہاؤس رابری، اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، ملزمان اے ٹی ایم اور بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو بھی لوٹا کرتے تھے، مارے جانے والے ملزمان نے 20 اپریل کو خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر فور چشتیہ مسجد کے قریب رقم چھیننے کے دوران دودھ کے تاجر 43 سالہ ناصر خان کو مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
مقتول ناصر خان کے برادر نسبتی ساجد خان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، واقعے کے بعد پولیس نے بتایا تھا کہ مقتول بارہ دری کے قریب واقعے نجی بینک سے 20 لاکھ روپے نکلوا کر اپنی گاڑی میں گھر پہنچا ہی تھا کہ کہ گھر کے قریب موٹر سائیکل سوار دو مسلحہ ملزمان نے ناصر کی گاڑی کو روکا اور اسلحہ کے زور پر رقم چھین لی تھی اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی تھی، ملزمان دس لاکھ روپے کی رقم چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے جبکہ 10 لاکھ روپے محفوظ رہے تھے۔
مارے جانے والے ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ (سی آر او) چیک کیا جا رہا ہے، ایڈیشنل ایس ایچ او بن یامین نے بتایا کہ مقابلے کے دوران ایس ایچ او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا زاہد لودھی کو دو گولیاں لگیں تاہم وہ خوش قسمتی سے بلٹ بروف جیکٹ پہنے ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان اور ایس ایچ او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا زاہد لودھی سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا بعد ازاں ایڈیشنل ایس ایچ او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سب انسپکٹر بن یامین نے میڈیا کا سامنا کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا، مارے جانے والے پانچوں ڈاکوؤں کی لاشیں پولیس کارروائی کے بعد چھیپا سردخانے منتقل کر دی گئیں۔
گلبرگ پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب فیڈرل بی ایریا بلاک 5 رحمان آباد ندی کنارہ غوثیہ مسجد کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی شناخت 60 سالہ یامین ولد مینو کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم سے ایک پستول بمع گولیاں، منشیات، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔
موچکو پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب بلدیہ اسپارکو روڈ مشرف کالونی ایدھی قبرستان موڑ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ملزم کی شناخت 25 سالہ شہزاد عرف چاند ولد اللہ رکھا کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ ملزم سے ایک پستول بمع گولیاں، منشیات ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی، گرفتار ملزم منشیات فروش گینگ کا کارندہ ہے۔
سچل پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب سعدی ٹاؤن سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت 30 سالہ فیض اللہ ولد سعد اللہ اور 25 سالہ حیات اللہ ولد صاحب خان کے ناموں سے کی گئی، گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزمان سے پستول بمع گولیاں، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل