Loading
کراچی میں ڈاکوؤں کا راج جاری ہے اور واردات کے دوران سفاک ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر راہگیر خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سر پر گولی لگ کر شدید زخمی ہونے والی خاتون دوران علاج دم توڑ گئی، جس کے بعد شہر میں رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ سولجر بازار 3 نمبر کے قریب فائرنگ سے 55 سالہ یاسمین زوجہ علی رضا شدید زخمی ہوگئی تھیں، جنہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
ہیڈ محرر سولجر بازار عاصم بھٹی نے بتایا کہ واقعہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق جمعرات کی شب موٹر سائیکل سوار ڈاکو دکان داروں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران عوام نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی، جس پر انہوں نے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں جائے وقوع کے قریب سے شوہر کے ہمراہ گزرنے والی راہگیر خاتون یاسمین سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئیں جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ مقتولہ سولجر بازار کی رہائشی تھیں تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں جائے وقوع سے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے تاکہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کا سراغ لگانے میں مدد مل سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل