Saturday, May 09, 2026
 

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، صدر

 



صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی ہلی سالگرہ پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری صدر مملکت نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کا معرکۂ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار رہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو،اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کیلئے قابلِ فخر قرار دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،  پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش آبی دہشت گردی ہے، پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت  بن کر ابھرا ہے، ایران۔امریکہ تنازع کے پُرامن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ صدر زرداری اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل