Saturday, June 27, 2026
 

پی ٹی آئی کا پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اقبال آفریدی کو شوکاز نوٹس

 



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو پارٹی ڈسپلن کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر شو کاز نوٹس جاری کردیا اور نوٹس میں پارٹی کے اراکین اسمبلی پر تشدد کی منصوبہ بندی اور ایک رکن پر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو کہا گیا ہے کہ آپ پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ مسلسل بدتمیزی کر رہے ہیں، جس کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی ہے، ٹی وی اور سوشل میڈیا پر فوٹیج بھی چلی ہیں۔ اقبال آفریدی سے کہا گیا ہے کہ آپ نے اراکین اسمبلی کے ساتھ بدزبانی کی اور غیرمہذب الفاظ کا استعمال کیا۔ پی ٹی آئی نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران آپ مسلسل پارلیمانی پارٹی کے فیصلوں کے خلاف عمل کرتے رہے ہیں، آپ کا توہین آمیز رویہ نہ صرف پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ ہے بلکہ قومی اسمبلی کے سینئر اور جونیئر عملے کے ساتھ بھی ہے شوکاز نوٹس میں اقبال آفریدی سے کہا گیا ہے کہ 23 جون 2026 کو اڈیالہ جیل کے باہر پارٹی کے اراکین اسمبلی پر تشدد کا منصوبہ بنایا اور آپ کے ایک ساتھی نے رکن اسمبلی پر تشدد بھی کیا، تشدد میں آپ ذاتی طور پر ملوث تھے، اڈیالہ جیل کے باہر اراکین اسمبلی عمران خان کے مقصد کے لیے جمع ہوئے لیکن آپ کے اقدام نے اس کو براہ راست نقصان پہنچایا۔ رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی سے کہا گیا ہے کہ آپ کے اقدامات اور رویے سے پارٹی کی عوامی سطح پر بدنامی ہوئی اور انتہائی مس کنڈکٹ، ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوئے ہیں۔ شوکاز نوٹس کے مطابق اقبال آفریدی کو اپنا مؤقف واضح کرنے کے لیے 7 دن دیے گئے ہیں اور جواب نہ دینے کی صورت میں اقبال آفریدی کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی سے بے دخل بھہ کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 جون کو اقبال آفریدی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قرارداد کے ذریعے ان پارلیمانی پارٹی کی رکنیت معطل کردی تھی اور پارٹی سے اخراج کا بھی مطالبہ کردیا تھا۔ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں رکن قومی اسمبلی اقبال خان آفریدی کی جانب سے صاحبزادہ صبغت اللہ کے ساتھ نامناسب رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقبال خان آفریدی کے رویے کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔ اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ اجلاس کے شرکا نے اقبال آفریدی کے خلاف ماضی کی شکایات کا بھی ذکر کیا اور متفقہ قرارداد کے ذریعے اقبال خان آفریدی کی پارلیمانی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل