Monday, May 11, 2026
 

ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 5.10 ملین ہوگئی، وزیراعظم کو بریفنگ

 



ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 5.10 ملین ہو گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرعظم نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم کی گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے حوالےسے کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ  آسان خدمت کی سہولیات کو صوبوں میں بھی شروع کرنے کے حوالےسے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے ۔ آئی ٹی کے شعبے  میں شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فرق کو کم کرنے کے لیے صوبائی، ڈسٹرکٹ کی سطح پر  حکومتوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 2024 میں 1.9 ملین سے بڑھ کر 2026 میں  5.10 ملین ہوگئی ہے۔ اس مالی سال پاکستان سے 4.5 سے 4.6 ارب امریکی ڈالرز کی آئی ٹی برآمدات متوقع ہیں ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حال ہی میں پاکستان میں 5 جی سروسز کے لیے نیلامی کی گئی جو کہ اس حوالے سے 2016 سے اب تک ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی نیلامی تھی۔ اس آکشن سے پاکستان کو 509 ملین امریکی ڈالرز کا ریونیو حاصل ہوا ۔ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالے سےفروری 2026 میں انڈس اے آئی ویک کا اہتمام کیا گیا ، 30 شہروں میں تقریبات ہوئیں ۔ انڈس اے آئی ویک میں 100 سے زائد بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی ۔ اس حوالے سے 88 پولینز بنائے گئے  تھے۔ بریفنگ کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں اور ہیلتھ یونٹس کو فائبر کنیکٹیویٹی فراہم کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد کو فری انٹرنیٹ ہاٹ اسپاٹس کی فراہمی کا کام آخری مرحلے میں ہے ۔ سید پور ماڈل ویلج اور فاطمہ جناح پارک میں ای-لرننگ پاڈز (E-learning pods) نصب کیے جا رہے ہیں ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل