Saturday, May 16, 2026
 

کراچی؛ جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث غیرمجاز ٹریول ایجنٹ گرفتار

 



وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے کارروائی کے دوران جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث غیرمجاز ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن عملے نےجناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا اور جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے بتایا کہ جانچ پڑتال کے دوران پاسپورٹ کے ایک صفحے سے جعلی اسپین ویزا ہٹانے کا انکشاف ہوا جبکہ مختلف ممالک کے مشتبہ اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس بھی پائے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ مسافر نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ غیر مجاز ٹریول ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف ممالک بھجوانے کے اشتہارات چلاتا تھا۔ ملزم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ موبائل فونز سے یورپی ممالک میں غیر قانونی امیگریشن، ڈنکی روٹس، جعلی ویزوں، افغان شہریوں کی بیرون ملک منتقلی اور کروڑوں روپے کے مالی لین دین سے متعلق اہم شواہد برآمد ہوئے، ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے قبضے سے متعدد سم کارڈز، اے ٹی ایم کارڈز، مختلف افراد کے تعلیمی و سفری دستاویزات، ویزوں کی تصاویر اور مشتبہ چیٹس بھی برآمد کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم جعلی ویزا، ایڈٹ شدہ دستاویزات اور غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک میں ملوث پایا گیا اور ملزم کو مزید قانونی کارروائی کےلیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل