Loading
موڈینا میں ایک خوفناک واقعے کے دوران ایک ڈرائیور نے گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اطالوی حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز ایک مصروف سڑک پر پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار گاڑی اچانک فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور کئی پیدل چلنے والوں کو ٹکر مار دی۔
شہر کے میئر ماسیمو میزیٹی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرائیور نے جان بوجھ کر فٹ پاتھ کا رخ کیا، پہلے ایک سائیکل کو ٹکر ماری اور پھر ایک خاتون کو زور دار ٹکر دی جس کے نتیجے میں اس کی دونوں ٹانگیں شدید متاثر ہوئیں۔
حکام کے مطابق گاڑی بعد میں ایک دکان کے شیشے سے جا ٹکرائی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سے نکلا اور اس کے ہاتھ میں چاقو بھی دیکھا گیا، تاہم وہ کسی کو زخمی کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
ایک عینی شاہد نے اطالوی میڈیا کو بتایا کہ گاڑی بہت زیادہ رفتار سے سڑک پر داخل ہوئی اور لوگوں کو روندتی چلی گئی۔ اس نے کہا کہ ڈرائیور کی حالت غیر معمولی لگ رہی تھی اور امکان ہے کہ وہ نشے میں تھا۔
مقامی شہریوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرائیور کا پیچھا کیا، اسے قابو کیا اور اس کے ہاتھ سے چاقو چھین لیا۔
میئر ماسیمو میزیٹی نے شہریوں کی جرات اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ واقعہ حادثہ تھا یا دانستہ حملہ، تاہم ہر صورت میں یہ ایک انتہائی سنگین واقعہ ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل