Loading
اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف آپریشنز میں دو کروڑ سے زائد مالیت کی سیکڑوں کلو منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف کی تعلیمی اداروں کے اطراف اورملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 9 کارروائیوں کےدوران 11 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ8 لاکھ سے زائد مالیت کی 193.1 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔
تعلیمی اداروں میں کارروائیاں
اے این ایف کے مطابق سیکٹر 10-H اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جنہوں نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
دیگر کارروائیاں
علامہ اقبال ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے سامان میں موجود مٹھائی کے ڈبے میں چھپائی گئی 1.3 کلوگرام زینیکس گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ اسی طرح اسلام آباد ٹول پلازہ پر گاڑی سے 14.4 کلو گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں ہارو ٹول پلازہ اٹک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ اُدھر ناظم آباد کراچی پیٹرول پمپ کے قریب ملزم کے قبضے سے 6 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ لاہور میں سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ملزم کے قبضے سے 4.8 کلو گرام چرس اور 1.5 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔
جی ٹی روڈ پشاور کے قریب کارگو آفس میں فروٹ کے ڈبوں میں چھپائی گئی 8.4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ اسلام آباد ٹول پلازہ پر ایک اور کارروائی کے دوران گاڑی سے 4.8 کلو گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جب کہ ظہور کالونی دالبندین کے قریب گاڑی سے 140 کلو گرام افیون برآمد کی گئی۔
تمام کارروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل