Monday, May 18, 2026
 

کراچی؛ منشیات سپلائی و فروخت کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب، خواتین سمیت 5ملزمان گرفتار

 



شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی و فروخت کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 25 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف پولیس نے خفیہ اطلاع پر مرغی خانہ پل ملیر ندی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی و فروخت میں ملوث 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شاکر نوید، عبدالمنان، نوید خالق جبکہ خواتین ملزمہ کی شناخت فضیلہ زوجہ شاکر نوید اور ناہد زوجہ نوید خالق کے نام سے کی گئی۔ ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق گرفتار ملزمان آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں جبکہ گرفتار دو مرد اور خواتین میاں بیوی ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 25 کلو سے زائد 25200 گرام اعلیٰ کوالٹی چرس اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت 50 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق برآمد ہونے والی اعلیٰ کوالٹی چرس کراچی کے پوش علاقوں میں سپلائی اور فروخت کی جانی تھی۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش مزید بتایا کہ منشیات کی فروخت کے لیے خواتین کو استعمال کیا جانا تھا۔ شاہ لطیف پولیس کی بروقت کارروائی نے شہر میں منشیات کے بڑے نیٹ ورک کی سرگرمیوں کو ناکام بنا دیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ منشیات سے جڑے نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل