Loading
فٹبال کے عالمی کھلاڑیوں کی تنظیم فیف پرو نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے دوران شدید گرمی کے خطرات پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ماحولیاتی تحقیقاتی ادارے ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران تقریباً ایک چوتھائی میچز ایسے حالات میں کھیلے جانے کا امکان ہے جہاں درجہ حرارت کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 104 میچز پر مشتمل اس بڑے ٹورنامنٹ میں کم از کم پانچ میچز ایسے موسمی حالات میں ہونے کا خدشہ ہے جہاں میچ ملتوی کرنے کی سفارش کی جا سکتی ہے۔
ماہرین نے اس حوالے سے ویٹ بلب گلوب ٹیمپریچر (ڈبلیو بی جی ٹی) انڈیکس کی مدد سے اندازہ لگایا ہے جو یہ جانچتا ہے کہ انسانی جسم گرمی میں خود کو کس حد تک ٹھنڈا رکھ سکتا ہے۔
فیف پرو کے میڈیکل ڈائریکٹر ونسنٹ گوٹبارگ نے کہا کہ ڈبلیو بی جی ٹی درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے تو خصوصی حفاظتی اقدامات ضروری ہو جاتے ہیں جبکہ 28 ڈگری سے اوپر میچ روکنے کی سفارش کی جاتی ہے۔
فیفا نے جواب میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں اور شائقین کے تحفظ کے لیے کولنگ سسٹمز، ہائیڈریشن بریکس اور طبی سہولیات سمیت مختلف منصوبے تیار کیے جا چکے ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ شدید گرمی کے باعث کھیل کا انداز بھی متاثر ہوگا اور ٹیمیں زیادہ محتاط حکمت عملی اپنائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق میامی، نیویارک، فلاڈیلفیا اور کنساس سٹی جیسے شہروں میں گرمی کا خطرہ سب سے زیادہ ہوگا جبکہ فائنل میچ کے دوران بھی خطرناک حد تک درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل