Monday, May 25, 2026
 

کراچی: پی آئی بی میں رینجرز اور بھتہ خوروں کے درمیان مقابلہ، دو زخمیوں سمیت 5 ملزمان گرفتار

 



پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو نے پی آئی بی کالونی سے بھتہ خوری میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز اور ایس آئی یو کی جانب سے بھتہ وصولی میں ملوث احمد علی مگسی اور وقاص گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا، اس دوران ملزمان نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 انتہائی مطلوب ملزمان عبداللہ اور عبدالسمیع کو زخمی حالت میں جبکہ 3 دیگر ملزمان حمید عرف خلیفہ، عبید عرف گجی اور خدا بخش عرف سنی کو بلا ضرب گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان احمد علی مگسی اور وقاص گروہ کے انتہائی اہم کارندے ہیں اور ان کے احکامات پر پی آئی بی کالونی اور ملحقہ علاقوں میں فیکٹری مالکان، نجی بلڈرز اور دیگر کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔   گرفتار ملزمان بھتہ نہ ملنے پر فائرنگ کرنے، دھمکی آمیز کالز کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث ہیں-  گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور اس سے پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے ایس آئی یو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ احمد علی مگسی اور وقاص گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہیں اور پوشیدہ ٹھکانے سے پی آئی بی کالونی میں بھتہ وصولی کا منظم نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل