Monday, May 25, 2026
 

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز عالمی چیمپئن بن گئے

 



پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے عالمی چیمپئن بن کر کھیلوں کی دنیا میں ایک بار پھر پاکستان کا پرچم سربلند کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ حمزہ شیراز نے جرمنی کے ایلم بیگچ کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ حمزہ شیراز نے فائٹ کے آغاز سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائے رکھی، ان کے تابڑ توڑ اور درست پنچز نے جرمن حریف کو بے بس کردیا۔ حمزہ شیراز کے خطرناک لیفٹ ہک کے نتیجے میں جرمن باکسر رنگ میں سنبھل نہ سکے، ریفری نے مقابلہ فوری طور پر روک دیا۔ 26 سالہ حمزہ شیراز نے ریٹائرڈ ٹیرنس کرافورڈ کی خالی کردہ ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ بیلٹ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ فتح کے بعد پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے رنگ میں سجدہ شکرادا کیا اور ٹیم کے ہمراہ کامیابی کا یادگار جشن بھی منایا۔ حمزہ شیراز نے اپنی شاندار فتح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس کامیابی کے بعد اب میں 168 پاؤنڈ کیٹیگری کے تمام عالمی باکسرز کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ مقابلہ انتہائی آسان تھا، پہلا پنچ لگتے ہی حریف مکمل دباؤ میں آ گیا، میں نے اسے مسلسل پریشر میں رکھ کر شکست دے دی۔ حمزہ شیراز اس سے قبل ستمبر 2024 میں ٹائلر ڈینی کو شکست دے کر یورپی مڈل ویٹ ٹائٹل بھی اپنےنام کرچکے ہیں۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور کھیلوں کے شائقین نے حمزہ شیراز کی تاریخی کامیابی کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دے دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل